لاہور: ایسے حکمران جنہوں نے خود اسپتالوں میں نہ جانا ہو وہ اسپتالوں کی حالت کیسے ٹھیک کریں گے۔ آنے والا بجٹ اپوزیشن کے لئے سرپرائز لے کر آ رہا ہے۔ آئندہ بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ہر سیکٹر میں لوگوں کو ریلیف دےگا جس پر اپوزیشن بھی حکومت کو سراہنے پر مجبور ہو جائے گی۔ بجٹ کو حکومت بھاری اکثریت سے پاس کروائے گی۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے “خدمت آپ کی دہلیز پر” کے حوالے سے شہر کے دورے کے موقع پر گلبرگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو بجٹ سامنے ہی نہیں آیا اس کی مخالفت کرنا نادانی ہے۔ کنیزوں کو یہی کہنا چاہتی ہوں کہ آئندہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ راوی کنارے بسایا جانا والا شہر نہ صرف عوام کے لئے نوکریاں پیدا کرے گا بلکہ ماحول دوست بھی ہو گا۔ ہماری حکومت لاہور میں اسپتال بھی بنا رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن نے لاہور کو صرف سیاست کے لئے استعمال کیا۔پہلے لوگ ماحول کی صفائی کے لئے درخواستیں دے دے کر تھک جاتے تھے اب ایسا نہیں ہوگا۔