اسلام آباد: ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب میں نئے پروموٹ ہونے والے پولیس افسران کو رینک لگائے۔ تقریب وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ،آئی جی پولیس مشتاق مہر، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ و دیگر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کی موجودگی میں امین یوسف زئی کو ایڈیشنل آئی جی کا رینک لگایا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عارف حنیف اور فرحت جونیجو کو بھی ایڈیشنل آئی جی پولیس کا رینک لگایا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پیر محمد شاہ کو ڈی آئی جی کا رینک لگایا۔
وزیر اعلی سندھ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروموٹ ہونے کے بعد پولیس افسران پر مزید ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سندھ میں پولیسنگ بہتر ہے لیکن اس کو مزید دیانتداری اور محنت سے بہترین کرنا ہے۔ آپ پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے امید ہے آپ اپنے تجربے کے حساب سے بہترین سروس انجام دینگے۔ انشاءاللہ آپ اپنے کیریئر میں مزید آگے جائینگے۔ ہم نے پولیس کو بہترین سہولیات دی ہیں اور مزید مضبوط کرینگے۔ چیف سیکریٹری نے بھی پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارکباد دی۔