اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے آغا سراج درانی کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ آغا سراج درانی پہلے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کریں اور نیب کو گرفتاری دیں اس کے بعد آئندہ ہفتے ان کا کیس سنیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت پر رہائی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔