کراچی(رپورٹ: ایم جے کے)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے 2 اگست 2025 خالق دینا ہال میں منائی جانے والی پلیٹینیم جوبلی کے موقع پر اپنا ڈیکلریشن جاری کردیا، جسے پاکستان بھر سے آئیں 13 یوجیز نے متفقہ طور پر منظور کر لیا، پی ایف یو جے ڈیکلریشن کے مطابق “آج جب ہم کراچی کے تاریخی خالق دینا ہال میں جمع ہیں، ہم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی جمہوریت، آزادی اظہار اور صحافیوں و میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے 75 سالہ غیرمتزلزل جدوجہد کا شاندار سنگِ میل منا رہے ہیں، سات دہائیوں سے پی ایف یو جے آمریتوں اور جابرانہ حکومتوں کے خلاف مزاحمت کی علامت بن کر کھڑی ہے اور ہر طرح کے دباو کے باوجود خاموش ہونے سے انکار کرتی رہی ہے، جنرل ایوب خان اور جنرل یحییٰ خان کے ظالمانہ پریس اینڈ پبلیکیشنز آرڈیننس (پی پی او) سے لے کر جنرل ضیاء الحق کے دورِ حکومت میں میڈیا پر کیے گئے وحشیانہ حملوں تک پی ایف یو جے نے ہر قدم پر جبر کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئینی حق، آزادی صحافت اور اظہار کے لیے مسلسل آواز بلند کی، ہماری جدوجہد صرف فوجی آمروں تک محدود نہیں رہی بلکہ ہم ان جمہوری حکومتوں کی بھی سختی سے مخالفت کی جو سنسرشپ اور ’پریس ایڈوائس‘ جیسے ہتھکنڈوں کے ذریعے میڈیا کو خاموش کروانا چاہتی تھیں، 2007 میں وکلاءتحریک کے دوران پی ایف یو جے نے جنرل مشرف کی “ایمرجنسی” کے خلاف آہنی دیوار بن کر میڈیا اور ٹی وی چینلز کے حق میں آواز بلند کی۔آج بھی ہم 2025 کے پیکا ایکٹ اور 2024 کے پنجاب ڈیفیمیشن قانون جیسے سیاہ قوانین کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے بنیادی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم آزادی صحافت، آزادی اظہار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کو جاری رکھیں گے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک وہ تمام کالے قوانین واپس نہ لیے جائیں جو میڈیا کو خاموش کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں، ہم صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی برطرفیوں، دھمکیوں اور حقوق کی پامالی کے ہر ہتھکنڈے کی بھرپور مزاحمت کریں گے، ہم ان کے پیشہ ورانہ آزادی، تحفظ، اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، جب ہم اپنی 75 سالہ جدوجہد کی یہ تاریخی تقریب منا رہے ہیں، ہم ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ آزادی صحافت اور اظہارِ رائے کے بغیر جمہوریت اور آئین کی بالادستی ممکن نہیں، ہم ہر اس کوشش کی مخالفت کرتے رہیں گے جو میڈیا کو خاموش کرنے کے لیے قانون یا کسی اور ذریعہ سے کی جائے، ہم ان تمام حکومتوں، اداروں، اور افراد کو دوٹوک پیغام دینا چاہتے ہیں جو میڈیا کی آزادی سلب کرنا چاہتے ہیں “تم ہمیں خاموش نہیں کر سکتے ہو” پی ایف یو جے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جنگ لڑتا رہے گا، اور آزادی صحافت و اظہار کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا رہے گا، ہم خاموش نہیں ہوں گے، ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے، ہم ایک آزاد اور خودمختار میڈیا، اور ایک جمہوری و منصف معاشرے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، آزادی صحافت زندہ باد، پی ایف یو جے پائندہ باد”۔