لاہور: قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکواڈ کا دوسرا گروپ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے انگلینڈ روانہ ہو گیا، کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے 6 کھلاڑی لاہور سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوگئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑی براستہ دبئی مانچسٹر پہنچیں گے، انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ مانچسٹر پہنچنے کے بعد یہ چھ کھلاڑی بذریعہ بس وورسٹر روانہ ہوجائیں گے، جہاں ای سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے زیر اہتمام کوویڈ 19 ٹیسٹنگ میں منفی رزلٹ دینے پر انہیں اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ شامل کرلیا جائے گا۔
ان کھلاڑیوں نے ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ کا حصہ بننے کی بہت خوشی ہے اور توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے دورہ انگلینڈ بہت اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ تمام کھلاڑیوں کی کورونا ری ٹیسٹنگ 29 جون کو ہوئی تھی، اس سے پہلے 26 جون کو ان 6 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا جبکہ مذکورہ کھلاڑیوں کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔