صحافیوں پر سیاسی جماعت سے وابستگی کے الزامات پر تحریک انصاف معافی مانگے، کے یو جے

0
50

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کے دیگر ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے صحافیوں پر ایک سیاسی جماعت سے وابستگی کے الزامات لگانے اور انہیں غیرمناسب الفاظ سے مخاطب کرنے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے۔

 کے یو جے نے مطالبہ کیا ہے کہ حلیم عادل شیخ سمیت پی ٹی آئی کی قیادت صحافیوں سے فوری طور پر معافی مانگے۔ کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی شرمناک ہے۔ ایک طرف ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری طرف عوام کے منتخب افراد ایوان میں ایک دوسرے پر حملے کررہے ہیں اور نازیبا زبان استعمال کررہے ہیں۔ لیکن جب اس پر صحافیوں نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ سے سوالات کیے تو انہوں نے جواب دینے کی بجائے الٹا صحافیوں پر ہی الزامات عائد کرنا شروع کردیے۔

بیان میں مزید کہا ہے کہ سوال کرنا صحافی کا حق ہے لیکن حلیم عادل شیخ سمیت پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی کا رویہ انتہائی حد تک نازیبا تھا۔ انہوں نے صحافیوں کے خلاف جس طرح کی نعرے بازی کی وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سے لے کر صوبائی قیادت تک سب سے یہ واضح مطالبہ ہے کہ فوری طور پر کراچی کی صحافی برادری سے معذرت کی جائے بصورت دیگر پی ٹی آئی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں