کراچی: صوبائي وزير اطلاعات سندھ سید ناصر حسين شاہ نے کلفٹن ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سومرو، ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سہولیات کا جائزہ لیا اور ویکسین کے لئے شہریوں سے معلومات لی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ18 جولائی سے ڈرائیو تھرو سینٹر شہریوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔ جے ایس بینک کے تعاون سے سندھ حکومت نے یہ ویکسینیشن سینٹر قائم کیا ہے اور جے ایس بینک کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ بڑی تعداد میں شہری سینٹر پر ویکسینیشن کے لیے آ رہے ہیں۔ فیملیز کے رش کو دیکھتے ہوئے ، کاؤنٹرز میں اضافہ کر دیا کیا گیا ہے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کم وقت میں ویکسین کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جے ایس بینک اور دیگر اداروں کے تعاون سے شہر میں مزید ڈرائیو تھرو ویکسین کی سہولت قائم کر رہے ہیں۔ کراچی شہر کے چھ اضلاع میں 11 سینٹرز کو ماس ویکسینیشن سینٹر کا درجہ دے دیا گیا ہے جو کہ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور ڈیلٹا جیسے مہلک وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسینیشن ہی بہترین تدبیر ہے۔ شہری کرونا ایس او پیز پر عمل کریں، خود بھی محفوظ رہیں اور شہر کو بھی محفوظ بنائیں۔ سخت فیصلے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کئے ہیں۔ پورے صوبے میں ویکسینیشن سینٹر کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں۔