کراچی: ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے این سی سی کے اجلاس میں بین الصوبائی نقل و حرکت پر دو ہفتے کی پابندی کی تجویز دی اور وزیراعظم کی طرف سے اس تجویز کو رد نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اس ایشو کو کل ہونے والے این سی او سی کے ایجنڈے پر رکھا گیا ہے اور وزیراعلی سندھ کی تجویز پر حتمی فیصلہ کل کے این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔
وزیراعلی سندھ نے اجلاس میں کہا کہ کورونا وائرس سے پنجاب اور خیبر پختون خواہ اس وقت زیادہ متاثر ہیں۔۔ بین الصوبائی پابندی سے سندھ سمیت بلوچستان کے عوام کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ سندھ میں اس وقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اتنی شدت نہیں ہے۔ بین الصوبائی نقل و حرکت اور ٹرانسپورٹ کو پچھلے برس بھی بند کیا جا چکا ہے جسکے بہتر نتائج برآمد ہوئے تھے۔
وزیراعلی سندھ نے اجلاس میں ویکسینیشن کی رفتار کو بھی تیز کرنے کی تجویز دی تھی۔ وزیراعلی سندھ نے تجویز دی کہ ویکسینیشن کے عمل کو ہر عمر کے افراد کے لئے اوپن کیا جائے۔ وزیراعلی سندھ نے یہ بھی تجویز دی کہ ویکسینیشن کے لئے معمر اور بیمار افراد کو بلاشبہ ترجیح دی جائے اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی تجاویز صوبے سمیت ملک بھر کے عوام کے بہتر مفاد میں ہیں۔