کراچی: ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی (بلوچستان) سے بیش قیمت منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیئے۔
گذشتہ رات موبائل گشت کے دوران شیری شیپ کے علاقے میں ایک مشکوک نقل و حرکت کا تعاقب کیا گیا۔ موبائل گشت کو دیکھ کر اسمگلرز رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اونٹوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ 9 لدھے اونٹوں کی تلاشی کے دوران 1580 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآ مد کرلی گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریبا 5 کروڑ 21 لاکھ ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لیکر مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔