اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ آئین پاکستان بھی غیر مسلم آبادی اور انکی عبادتگاہوں کی حفاظت پر زور دیتا ہے۔ کرک میں کچھ لوگ ایک مندر کو گرانے کی سازش کر رہے ہیں جسکی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام اور آئین پاکستان غیر مسلم اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی اجازت دیتے ہیں۔ معاملے کے پر امن حل کیلئے وزارت مذہبی امور علاقے کے مذہبی رہنماوں سے رابطے میں ہے۔ کرک کی ہندو کمیٹی کے مندر سے ملحقہ جگہ خرید کر توسیع کرنے پر مقامی آبادی مشتعل ہوئی تھی۔ کرک انتظامیہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر رہی ہے، مقامی ہندو برادری بھی پرامن رہیں۔
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور ،وزیر زادہ، روی کمار، ایم پی اے، سابقہ ایم این اے مولانا شاہ عبد العزیز کے ذریعے معاملات کو حل کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی اقلیتوں کے مقدس مقامات اور عبادتگاہیں گرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ واقع پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔