کراچی: چار ایکڑ پر مشتمل پلاٹ ایس ٹی 19 شادمان ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، کے ڈی اے متحرک، پلاٹ پر غیرقانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف تھانہ شارع نور جہاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کے ڈی اے (کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی) نے ایس ٹی 19 رفاعی پلاٹ نارتھ کراچی شادمان ٹاؤن میں جاری غیر قانونی قبضے کو ختم کروانے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
کے ڈی اے انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی اور ایس ایس

پی سینٹرل کو باقاعدہ طور پر درخواست دی ہے کہ رفاعی اراضی کو قابضین سے واگزار کرایا جائے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ ایس ٹی 19 پر سرفرازالدین ولد محمد رفیق، اختر اور دیگر افراد نے غیرقانونی قبضہ جما رکھا ہے، جن کے خلاف تھانہ شارع نور جہاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان موقع سے فرار ہوچکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس اور کے ڈی اے کی جانب سے کارروائی جاری ہے، جبکہ اس حوالے سے سرفرازالدین ولد محمد رفیق نے اپنے ویڈیو بیان میں اس خبر کے حوالے سے تردید کی ہے اور تحفظات کا اظہار کیا کہ یہ تمام الزامات اور مقدمہ مجھ پر بے بنیاد ہیں، عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غیرقانونی قبضے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور رفاعی زمین ایس ٹی 19 کو فوری واگزار کرایا جائے۔