سینئر صحافی مقبول خان کی اولین کتاب صحافت اور صحافی

0
11

کے یو جے کے تحت شائع کتاب صحافت کی مختلف اصناف کا تاریخی پس منظر ڈاکٹر توصیف احمد، صحافی رہنما جی ایم جمالی، حسن عباس کا اظہار خیال، ایڈیٹر کے منصب پر مقصود یوسفی کی رائے

تحریر: حرا یاسر

سینئر صحافی مقبول خان کی اولین کتاب صحافت اور صحافی کراچی یونین آف جرنلسٹس نے شائع کر دی ہے، کتاب میں صحافت کی مختلف اصناف صحافت (صحافت اور خبر کی تعریف، اداریہ، فیچر کالم نگاری، رپوتاژ، قطعہ نویسی، رپورٹس اور کارٹون) فوٹو گرافی کی تاریخی پس منظر اور دیگر تصیلات کا جائزہ لیا گیا ہے، اس کے ساتھ اخبارات اور اظہار رائے کی آزادی کے لئے آمریت کے خلاف جدوجہد کے قائدین نثار عثمانی، منہاج برنا، عبدالحمید چھاپرا اور احفاظ الرحمٰن پر بھی خصوصی مضامین بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ان مرحوم قائدین نے اخبارات اور اظہار رائے کی آزادی کے لئے جیل کی اسیری سمیت تشدد، ذہنی و جسمانی ازیت کے ساتھ بے روزگاری سمیت دیگر صعوبتیں اٹھائی ہیں۔ ان قائدین کی جدوجہد کی داستان نئے صحافیوں اور موجودہ دور میں صحافی رہنماوں کے لئے مشعل راہ اور قابل تقلید ہیں۔ کتاب کا سرورق بھی ان چاروں صحافی قائدین کی تصاویر پر مشتمل ہے، جو ان قائدین کی تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کو اور میدان صحافت میں ان کی گرانقدر خدمات کو ادنیٰ خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش ہے۔ کتاب میں رپورٹر، سب ایڈیٹر اور ایڈیٹر کے فرائض اور ذمہ داریوں پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔

کتاب صحافت اور صحافی میں صاحب کتاب مقبول خان کے 1977سے شروع ہونے والے صحافتی سفر کی داستان بھی رقم کی گئی ہے۔ یہ داستان اخبارات و جرائد کے ارتقاء اور مختلف ادوار میں ہونے والی جدید تبدیلیوں کتابت سے کمپیوٹر پر کمپوزنگ اور کاپی پیسٹنگ سے کمپیوٹر پر پیج میکنگ اور فوٹو گرافی کے روائتی اور فرسودہ طریقہ کار سے جدید فوٹو گرافی تک کے سفرکی کہانی پر مشتمل ہے۔ کتاب میں پرنٹ میڈیا کے شاندار عروج کے بعد زوال کے اسباب کو بھی تفصیل کے ساتھ درج کیا گیا ہے۔ کتاب میں اخبارات کی بقاء کے لئے اشتہارات کی اہمیت کے ساتھ اشتہارات کی مختلف اقسام اور سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

نیز الیکٹرونک میڈیا کے آغاز سے اس کے دو عشروں میں زوال کے سفر اور ڈیجیٹل میڈیا کی آمد کے حوالے سے شعبہ صحافت میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔ 120صفحات پر مشتمل اس کتاب صحافت اور صحافی میں ممتاز ترقی پسند دانشور ڈاکٹر توصیف احمد خان، مرکزی صحافی رہنماوں جی ایم جمالی، حسن عباس اور نئی بات کے ایڈیٹر مقصود یوسفی کی آراء کے ساتھ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد کا انٹرویو بھی شامل ہے۔

ممتاز صحافی رہنماوں اور سینئر صحافیوں کا کہنا ہے کہ مقبول خان کی یہ کتاب نئے صحافیوں اور صحافت کے طالب علموں کے لئے ایک گرانقدر تحفہ ثابت ہوگی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں