اچھی شہرت کے حامل مشرف علی راجپوت سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے نئے چیئرمین مقرر

0
14

کراچی (رپورٹ: اشتیاق سرکی) حکومتِ سندھ کے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ نے اچھی شہرت کے حامل مشرف علی راجپوت کو سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (ایس بی ٹی ای) کراچی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ ان کی یہ تقرری وزیرِ اعلیٰ سندھ اور کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری سے عمل میں آئی ہے۔

آفیشل نوٹیفکیشن کے مطابق، مشرف علی راجپوت کو سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن آرڈیننس 1970 کے تحت سیکشن 16(3) کے مطابق تین سالہ مدت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری کو تعلیمی شعبے میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

مشرف علی راجپوت، جو اس وقت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کراچی سینٹرل کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، اپنی دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین انتظامی مہارتوں کے باعث ایک قابلِ احترام شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی بطور چیئرمین ایس بی ٹی ای تعیناتی کو تعلیمی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ادارے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

یہ تقرری سندھ حکومت کے تعلیمی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹیکنیکل ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نوجوانوں کو معیاری فنی تعلیم فراہم کرنا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں