داسو حملے میں ملوث نہ ہونے کا بھارتی وزارت خارجہ کا بیان پاکستان نے مسترد کردیا

0
94

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزات امور خارجہ کے داسو دہشت گرد حملے میں ملوث ہونے سے انکار کی ناقابل دفاع تردید کے بارے میں میڈیا کے سوالات پر درج ذیل بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوٹوک طور پر بھارتی وزارت خارجہ کا داسو دہشت گرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا مضحکہ خیز بیان مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان متعدد مرتبہ یہ ناقابل تردید شواہد سامنے لاچکا ہے کہ بھارت پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی کرانے بلکہ اس کی منصوبہ بندی،معاونت ومدد، سرپرستی اور سرمایہ کی فراہمی میں بھی ملوث ہے۔ ہم گزشتہ برس عالمی برادری کو اس ضمن میں ٹھوس شواہد پر مبنی دستاویزات (ڈوزئیر) فراہم کرچکے ہیں۔ حال ہی میں لاہور حملے میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت بھی ہم نے پیش کئے ہیں۔ پاکستان کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید اور معلوم چہرہ کمانڈر کلبھوشن یادیو ہے جو مارچ 2016 میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

پوری طرح بے نقاب بھارت کا وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ لفاظی، ابہام اور ایک نئے جھوٹ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ ریاستی دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا بند کرے۔ پاکستان خطے کے امن وسلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے والی بھارتی فتنہ انگیزیوں کو بے نقاب اور ان کی مخالفت کرتا رہے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں