لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کا نہیں، حکمرانوں کی اہلیت صلاحیت اور وژن کا شارٹ فال ہے۔ وزیراعظم نے بائیس کروڑ عوام کو ہمیشہ دائیںدکھا کر بائیں ماری ہے۔ سینکڑوں دعوے، وعدے اور اعلانات کیے لیکن عمل کا خانہ خالی ہے۔ اپوزیشن کا حکومت کے ساتھ فرینڈلی میچ عوام سے بے وفائی ہے اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی زنجیر میں باندھ کر لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر دیا۔ بجلی، گیس، پٹرول، کھانے پینے کی اشیاء میں اضافہ حکمرانوں کے منہ پر طماچہ ہے۔ میرٹ پر احتساب کیا جاتا تو موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے اعلیٰ عہدیداران جیلوں میں ہوت۔ قوم دیکھ رہی ہے کہ احتساب کے نام پر پولیٹیکل انجینئرنگ ہو رہی ہے۔ نعرے لگ رہے ہیں کہ تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد۔ حقیقی احتساب صرف جماعت اسلامی کر سکتی ہے، اس کا دامن کرپشن سے پاک ہے۔