کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبے کے صحافیوں کی مالی مدد اور ان کے روز مرہ مسائل کے حل کے لیے صوبے میں پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فرائض سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے سینئر ڈائریکٹر وں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔سیکریٹری محکمہ اطلاعات اعجاز حسین بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام کے تحت صحافیوں کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ انہیں لائف اور ہیلتھ انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ پروگرام کے تحت ان کے بچوں کے اسکول کی فیس کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ویژن رکھتی تھیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھی خواہش ہے کہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات کے تمام شعبہ جات اپنے فرائض میں مزید بہتری لائیں خصوصا سینئر ڈائریکٹر وں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ محکمہ اطلاعات کو مزید فعال کریں۔ صوبائی وزیر نے محکمہ اطلاعات کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ وہ حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع کے دفاتر کی تعمیر کے منصوبوں پر معیاری تعمیراتی کام کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے اگلے مالی سال کے لئے ترجیحی منصوبوں پرکام کریں۔صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر اشتہارات کو اخباروں کو بروقت ادائیگی کرنے اور بقایاجات جلد از جلد کلیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے اساشتہارات کی شفافیت اور منصفانہ تقسیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے پریس انفارمیشن کی کارکردگی میں مزید بہتری اور صحافیوں سے قریبی تعلقات کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر فلمز کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں مختصر دستاویزی فلموں اور دیگر ویڈیو کلپ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت کا ترجمان ہونے کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہے اس لئے تمام افسران اپنے فرائض محنت، لگن اور ذمہ داری سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اس موقع پر ڈائریکٹر منصوبہ بندی و ترقیات غلام الثقلین، ڈائریکٹر پبلیکیشن سید ذولفقار علی شاہ، ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان ،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن عزیز احمد ہکڑو، ڈائریکٹر ایڈمن سید عظیم شاہ ، ڈاکٹر فلم شبیہ صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یوسف کا بورو، سیکشن آفیسر محمد عزیز احمد بھی موجود تھے۔