حیدرآباد: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹر آف فارمیسی کے نئے طلباء کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف فارما سیوٹیکل سائنسز میں نئے آنے والے طلباء کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
اس سلسلے میں ایک تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام نئےطالب علموں نے شرکت کی اور تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔
جس کے بعد انسٹیٹیوٹ کی پرنسپل پروفیسر ہما علی نے طالب علموں سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کو تمام فیکلٹی کا تفصیلی تعارف کروایا۔ تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے پروفیسر کرن رفیق نے طلباء سےحلف لیا اور فارمیسی پریکٹس کی سربراہ ڈاکٹر صدف نعیم نے طلباء کو ان کی فیلڈ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر حمیرا عنصر نے طلبہ کو یونیورسٹی کی حاضری کی پالیسی اور سمسٹر ایگزامنیشن کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔
چئیر پرسن انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے پروفیشنلزم کی تعریف سمجھائی اور وائس پرنسپل پروفیسر ہما شریف نے نئے طلبہ وطالبات کو خوش آمدید کہا۔طلبہ کو کووڈ-19 ایس او پیز کے لحاظ سے مختلف گروپ میں لیبارٹریز اور لائبریری کے ساتھ ساتھ کیمپس کا دورہ کروایا گیا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمدطارق رفیع نے نئے آنے والے طالب علموں کو اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد اس کا صحیح استعمال کریں اور اپنے ملک کی خدمت کریں۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور تمام اساتذہ بھی موجود تھے۔