کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے مقامی صحافی نورالسلام پر جعلی مقدمہ اور گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے رہائی اور واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس دستورکےصدر راشد عزیز اور سیکرٹری موسی کلیم و مجلس عاملہ کے اراکین نے کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کر رکن اور مقامی اخبار کے رپورٹر نور السلام کے خلاف دہشتگردی اور بھتہ خوری کے مقدمہ کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نور اسلام کو تھانہ منگھو پیر کی حدود میں ہونے والے جرائم کی نشاندہی کی سزا دی جارہی ہے۔ ایس ایچ او نے مذکورہ صحافی پر تین ہزار روپے بھتہ طلب کرنے کا بھونڈا الزام لگایا ہے، مقدمہ میں گرفتار کرکے ان کے گھر والوں کو ملنے بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ کے یو جے دستور نے آئی جی سندھ مشتاق مہر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کا نوٹس لیں اور اس مقدمہ کی شفاف تحقیقات کے احکامات فوری صادر فرمائیں۔ کے یو جے دستور نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پولیس نے واقعہ کا نوٹس نہ لیا تو صحافی کو انصاف دلانے کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے۔