اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں ردوبدل کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ وزیراعظم آج شام تک کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کریں گے۔
وزارت اطلاعات، توانائی، ایوی ایشن، اقتصادی امور اور کشمیر کمیٹی میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض وزراء اپنے عہدوں سے فارغ ہوں گے جبکہ کابینہ میں کچھ نئے چہرے شامل کئے جائیں گے۔
خسرو بختیار اپنے موجودہ عہدے پر نہیں رہیں گے، شبلی فراز کو وزارت پیٹرولیم اور ایوی ایشن کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔
فواد چودھری کو وزیر اطلاعات یا وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا جا سکتا ہے۔ فواد چودھری وزارت اطلاعات کے ساتھ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اضافی چارج چاہتے ہیں جبکہ فرخ حبیب کو وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے۔
شہریار آفریدی سے کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ واپس لے کر فخر امام کو دوبارہ یہ عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیر اطلاعات و نشریات کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات میں وزیر مملکت اور نشریات میں معاون خصوصی لگایا جائے گا۔
اس کے علاوہ عمر ایوب خان سے بھی توانائی اور پیٹرولیم کی وزارت واپس لیے جانے کا امکان ہے۔