اسلام آباد: ملکی اعلیٰ عسکری قیادت آج پیر کو اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے گی، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے اراکین جی ایچ کیو جائیں گے۔
سینیٹ دفاعی کمیٹی کی سربراہی مشاہد حسین سید اور قومی اسمبلی دفاعی کمیٹی کی امجد علی خان کرینگے، پارلیمانی کشمیر کمیٹی چیئرمین شہریار آفریدی کی قیادت میں جی ایچ کیو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق تینوں کمیٹیوں کے اراکین کو آج پیر کی صبح ساڑھے نو بجے جی ایچ کیو پہنچنے کا کہا گیا ہے، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری قومی سلامتی کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق عسکری قیادت ملک کی داخلی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹیوں کو بریفنگ دے گی، بریفنگ دینے کی درخواست دفاعی کمیٹیوں کی جانب سے کی گئی تھی، اراکین کو تیزی سے بدلتی افغان صورتحال اور پاکستان کی پالیسی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے سر براہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی کمیٹیوں کی ملاقات ہوگی، ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل بابر افتخار بھی بریفنگ میں شرکت کرینگے، دفاعی کمیٹیوں اور پارلیمانی کشمیر کے اراکین یادگار شہدا پر بھی حاضری دینگے۔