کراچی: معروف ٹی وی اینکر جیری اسپرنگر جمعرات کو 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اسپرنگر اپنے شوز میں، جو ہفتے میں تین دن پیش کیے جاتے تھے، خاندانوں کے اندر موجود جھگڑے اور ان کی وجوہات کو نمایاں کرتے تھے۔
اسپرنگر لگ بھگ 27 سال تک یہ شوز پیش کرتے رہے جو ایک زمانے میں مقبولیت کے اسکیل پر سب سے اونچے درجوں پر جگہ پاتے تھے۔
اسپرنگر اپنے شوز کو ایک ایسی تفریح کا نام دیتے تھے جس کا مقصد مسائل اور پریشانیوں سے فرار حاصل کرنا ہے۔ جبکہ ناقدین کا کہنا تھا کہ ان کے شوز امریکی سماجی اقدار کے زوال پذیر پہلو کو پیش کرتے۔
جین گیلون، جو 1970 کے عشرے سے اسپرنگر کے دوست اور ان کی فیملی کے ترجمان ہیں، کہتے ہیں کہ اسپرنگر کی لوگوں کے ساتھ جڑ جانے کی صلاحیت ہی ان کی کامیابیوں کی کلید تھی۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ لیکن ان کی عقل و دانش کی باتیں اور مزاح کی یادیں ہمیشہ باقی رہیں گی۔