کراچی: پاکستان رینجرز نے کراچی سے افغانستان سے پاکستان آنے والے 39افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار افراد کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں تین مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 348/2022 کا تفتیشی افسر سب انسپکٹر رانا اکبر، 349/2022 کا ایس آئی خرم اسلام اور 350/2022 کا ایس آئی عباس علی شاہ ہیں۔ ہر ایف آئی آر میں 13/13ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان کی عمریں 49برس سے 8برس تک ہیں۔ ملزمان تین بسوں میں کوئٹہ سے کراچی نوکری کے حوالے سے آرہے تھے جب ان کو پاکستان رینجرز نے بلدیہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب اسنیپ چیکنگ میں روکا۔
ابتدائی تفتیش میں اُنہوں نے بتایا کہ افغانستان سے کوئٹہ غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرکے کراچی جارہے تھے۔ تمام نامزد ملزمان مرد ہیں۔ چند خواتین جو ان کے ہمراہ سفر کررہی تھیں، ان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چھوڑ دیا گیا۔ ملزمان کو عدالت میں بدھ کو پیش کرکے جسمانی ریمانڈ لے لیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔