کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے عملی طور پرکلاسز بند کر دی ہیں اور امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔
جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن تدریسی عمل جاری رہے گاجبکہ کلینکل وارڈ میں تعیناتیاں ملتوی کر دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ لائبریری اور کینٹن بھی بند رہیں گی۔ یہ فیصلہ سندھ گورنمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں کرونا وائرس کی وبائ صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔
رجسٹرار کےنوٹیفکیشن کے مطابق تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کی حاضری شعبہ جات کے سربراہ کی صوابدید پر ہوگی جبکہ تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کو شہر میں ہی رہنے کی اور واٹس اپ اور فون پر دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آفس میں آنے والے عملے کو بلا اجازت اپنی جگہ چھوڑنے سے بھی منع کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈپٹی کنٹرولر عشرت نعمان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 28 اپریل سے جو امتحانات شروع ہونے تھے، ان کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔