اسلام آباد: سپریم کورٹ کے 10 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظر ثانی کی درخواست 6، 4 کے اکثریتی فیصلے سے منظور کرتے ہوئے کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔
بینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی امین نے فیصلے سے اختلاف کیا۔
چھ جج صاحبان جنہوں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اپیل کے حق میں فیصلہ سنایا ان میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس یحیٰ آفریدی شامل ہیں۔
جسٹس یحیٰ آفریدی نے نظر ثانی اپیل کے حق میں فیصلہ سنانے کے ساتھ ایک اختلافی نوٹ بھی لکھا۔
قبل ازیں کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ ہم کیس کا فیصلہ یا تو آج ہی سنا دیں گے یا پھر کل سنا دیں گے۔
یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی تھی، نظر ثانی درخواستوں میں کہا گیا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی لندن جائیدادوں کی تحقیقات کا معاملہ ایف بی آر سے واپس لیا جائے۔