اے این پی سربراہ کی ترجمان بلوچستان کے بے رحمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت

0
59

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی بے رحمانہ شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت ریاست اور حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اسد خان اچکزئی پچھلے 4 مہینوں سے لاپتہ  تھے۔ اے این پی نے ہر فورم پر ان کی باحفاظت بازیابی کے لئے آواز اٹھائی، عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور بلوچستان ہائی کورٹ ميں ان کی باحفاظت بازیابی کے لئے پٹیشن دائر کی لیکن ریاست ان کی بازیابی میں ناکام رہی اور آج ان کی لاش ملی ہے۔

اے این پی سربراہ نے شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سینکڑوں کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔ مزید جنازے اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے،خ۔ ریاست اور متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ کسی شہری کی لاپتہ ہونے کے بعد اس کی لاش ملی ہو۔ عوامی نیشنل پارٹی نا صرف اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ اسد خان اچکزئی کے اغواء اور شہادت کی تحقیقات کی جائيں اور اس دلخراش واقعے میں ملوث کرداروں اور عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اس طرح کے واقعات متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، عوام سوال کررہے ہیں کہ یہ کون سے طاقتور لوگ اور قوتیں ہیں جو دن دیہاڑے لوگوں کو اغواء کر کے لے جاتے ہیں۔ ریاست ان کی باحفاظت بازیابی میں ناکام رہتی ہے اور کچھ دنوں بعد ان کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اسد خان اچکزئی کی شہادت صرف ان کے اہل خانہ کا غم نہیں بلکہ پوری عوامی نیشنل پارٹی کے لئے ایک دل اندوہ صدمہ اور سانحہ ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اسد خان اچکزئی کے پورے خاندان کے  شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول تک سکون سے نہیں بیٹھے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں