اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چئیرمین و وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیر اعظم کے مثیر برائے صنعت و پیداوار تسنیم قریشی سے پیپلز ورکرز یونین اسٹیل ملز کے چئیرمین شمشاد قریشی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں شمشاد قریشی نے اسٹیل ملز کے سپریم کورٹ میں کیسز، جبری برطرف ملازمین کی بحالی سمیت اسٹیل ملز میں دس ارب سے زائد کی چوریوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
چئیرمین بلاول بھٹو نے بریفنگ لینے کے بعد تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز ملازمین کی بحالی کیلئے قادر خان مندوخیل کی زیر نگرانی بحالی کمیٹی تشکیل دی ہے جو صورتحال سے آگاہ کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی اسٹیل مل بھی بحال کرے گی اور ملازمین بھی بحال ہونگے مزدوروں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔