کراچی: ہالی ووڈ فلموں کے ایکشن ہیرو ٹام کروز چلتی ٹرین سے کیمرہ مین کو بچاکر اصل زندگی کے ہیرو بن گئے۔
اداکار ٹام کروز کی ایکشن، سسپنس اور تھرلر سے بھرپور ’’مشن امپاسبل‘‘سیریز کی ساتویں فلم ’’مشن امپاسبل 7‘‘ کی شوٹنگ جاری ہے۔ شوٹنگ کے دوران ٹام کروز نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ وہ صرف فلموں میں ہی لوگوں کی جان نہیں بچاتے بلکہ اصل زندگی میں بھی لوگوں کی جان بچاتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کا برطانیہ میں نارتھ یارکشائر ماؤس ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین پر ایک ایکشن سین فلمایا جارہا تھا ٹام کروز کے ساتھ ٹرین پر کیمرہ مین بھی موجود تھا جو اس سین کی عکسبندی کررہا تھا۔ اس کیمرہ مین نے خود کو گرنے سے بچانے کے لیے ایک رسی کی مدد سے باندھا ہوا تھا لیکن اس کے باوجود کیمرہ مین کا پیر پھسلا اور وہ ٹرین سے گرنے لگا۔
جیسے ہی کیمرہ مین چلتی ٹرین سے گرنے والا تھا ٹام کروز نے بہادری سے اسے پکڑا اور اسے اوپر کھینچنے لگے تاکہ کیمرہ مین اسٹیل کے کنارے پر اپنا توازن درست کرلے اور اس طرح اداکار نے کیمرہ مین کو چلتی ٹرین سے گرنے سے بچالیا۔