لالی وڈ کی سینیئر اداکارہ نغمہ بیگم کے فلمی کیریئر کے 50 سال مکمل

0
308

تحریر: آغا نیاز مگسی

لاہور میں ان کی خدمات کے اعتراف  میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

نغمہ کا اصلی نام پروین بیگم ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے ڈائریکٹر ایم جے رانا کی پنجابی فلم ’’رانی خان‘‘ میں کام کیا تھا۔ اس فلم کی موسیقی بابا جی اے چشتی نے بنائی تھی۔ اس فلم میں نغمہ کا کوئی بڑا رول تو نہیں ملا تھا مگر اس فلم سے ان کی شناخت ضرور ہو گئی تھی۔ اس فلم میں حسنہ، لیلیٰ، ظریف، اکمل، صبا، اجمل اور کامیڈی اداکار نذر شامل تھے۔ یہ فلم کامیڈی نوعیت کی تھی اور اس فلم میں نذر کا رول بھی بڑا تھا۔ یہ فلم 14 نومبر 1960ء کو ریلیز ہوئی تھی۔

 نغمہ کی دوسری فلم ’’چوہدری‘‘ تھی۔ یہ فلم بھی پنجابی تھی، اس فلم میں ان کا ہیروئن کا رول تھا جبکہ اس فلم میں لیلیٰ جیسی اداکارہ بھی موجود تھیں۔ اس فلم کے ڈائریکٹر مظفر طاہر تھے اور اس فلم کی موسیقی طفیل فاروقی اور اے حمید نے مل کر بنائی تھی۔ اس فلم کے ہیرو اکمل تھے، اس کے علاوہ اس فلم میں آصف جاہ، سلمیٰ ممتاز، زینت اور اسد بخاری نے بھی کام کیا تھا۔ نغمہ بیگم اپنی دوسری فلم سے ہٹ ہوکر منظرعام پر آگئی تھیں۔ یہ فلم 12 مئی 1962ء کو ریلیز ہوئی تھی۔

 نغمہ بیگم کی پہلی اردو فلم ڈائریکٹر شباب کیرانوی کی فلم ’’مہتاب‘‘ تھی، جو سپرہٹ ہوئی تھی۔ اس فلم میں نیر سلطانہ اور حبیب ہیرو ہیروئن تھے جبکہ اس فلم میں رخسانہ نے بھی سائیڈ رول پلے کیا تھا اور عوامی اداکار علاء الدین نے اس فلم میں گول گپے ایسے بیچے تھے اور ایسا گانا گایا تھا کہ آج بھی پورے پاکستان میں یہ گانا گول گپے بیچنے والے جگہ جگہ بجاتے ہیں۔ احمد رشدی کی آواز میں یہ گانا علاء الدین پر فلمایا گیا تھا اور یہ گانا دنیا کا واحد گیت ہے جو پچاس سال گزر جانے کے باوجود آج بھی سنائی دیتا ہے۔ نغمہ بیگم اس فلم سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی تھیں۔ اسی دوران ان کی دوسری اردو فلم ’’ماں کے آنسو‘‘ ریلیز ہوئی، اس فلم کے ڈائریکٹر بھی شباب کیرانوی تھے۔ اس فلم کے ہیرو حبیب تھے اور ہیروئن نیر سلطانہ تھیں۔ اس فلم میں نغمہ نے سائیڈ ہیروئن کا رول پلے کیا تھا۔ اس فلم میں ان کی جوڑی اداکار روشن کے ساتھ تھی اور ان پر فلمایا یہ گیت 1963ء میں بہت سنائی دیتا تھا۔ ’’سماں جب پیارا پیارا ہو، پیار کو دل کا سہارا ہو‘‘ یہ گانا نغمہ اور روشن پر فلمایا گیا تھا۔ فلم ’’ماں کے آنسو‘‘ بھی سپرہٹ ہوئی تھی جو 29 مارچ 1963ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ اپنی دونوں اردو فلموں میں نغمہ بیگم نے بہت عمدہ اداکاری کی تھی۔ اس فلم کا ایک اور گانا بھی بڑا سپرہٹ ہوا تھا جس کے بول ہیں ’’اتنے بڑے جہاں میں کوئی نہیں ہمارا‘‘ اسی دوران نغمہ کی دو پنجابی فلمیں ’’زرینہ‘‘ اور ’’جمالو‘‘ بھی ریلیز ہوئی تھیں۔ فلم ’’زرینہ‘‘ میں یہ اداکار یوسف کے ساتھ تھیں، مگر اس فلم کی ہیروئن حسنہ تھیں اور نغمہ بیگم سائیڈ ہیروئن تھیں۔ فلم ’’زرینہ‘‘ بھی ہٹ ہوئی تھی۔ فلم ’’جمالو‘‘ میں یہ اداکار اسد بخاری کے ساتھ آئی تھیں۔ اس فلم میں مینا شوری اور ظریف وغیرہ شامل تھے۔

دیکھتے ہی دیکھتے نغمہ بیگم سپراسٹار اداکارائوں میں شامل ہوگئیں۔ نغمہ بیگم کی ابتدائی فلموں میں اداکار اکمل خان تھے اور ان کی جوڑی ان کے ساتھ بے انتہا مقبول ہوئی تھی۔ نغمہ نے شمیم آرا کے ساتھ فلم ’’سازش‘‘ میں کام کیا۔ زیبا بیگم کے ساتھ فلم ’’سمیرا‘‘ میں انہوں نے اپنے فن کے جلوے دکھائے۔ فلم ’’ڈاچی‘‘ میں یہ نیلو کے ساتھ آئیں اور فلم ’’ممتا‘‘ میں یہ بہار بیگم اور یاسمین شوکت کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ لالہ سدھیر، محمد علی، وحید مراد، یوسف خان، اعجاز درانی، اسد بخاری اور علاؤالدین کے علاوہ تقریباً تمام سپرہٹ اداکاروں کے ساتھ یہ سنیما اسکرین کی زینت بنیں اور بے پناہ شہرت حاصل کی۔ نغمہ بیگم کی معروف جوڑی اکمل کے مرنے کے بعد حبیب کے ساتھ رہی اور انہوں نے ان کے ساتھ کئی درجن فلموں میں کام کیا اور یہ قربتیں اتنی بڑھیں کہ دونوں نے 1972ء میں شادی کرلی، مگر یہ شادی زیادہ عرصہ تک کامیاب نہ رہ سکی تھی، جلد ہی دونوں میں اتفاق رائے سے علیحدگی ہو گئی، مگر اس دوران ایک بیٹی ضرور پیدا ہوئی، جس کا نام زرینہ ہے جو لاہور میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتی ہیں۔

پنجابی فلموں کی ملکہ اداکارہ نغمہ بیگم آج بھی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے جن فلموں میں کام کیا، ان کی تعداد تو سیکڑوں میں ہے، مگر ان کی چند فلمیں یہ ہیں۔ ’’بارات‘‘، ’’ہتھ جوڑی‘‘، ’’باغی سپاہی‘‘، ’’انسپکٹر‘‘، ’’پلیلی صاحب‘‘، ’’مقابلہ‘‘، ’’یاردوست‘‘، ’’میں چپ رہوں گی‘‘، ’’منگیتر‘‘، ’’میرا ویر‘‘، ’’میلہ دو دن دا‘‘، ’’وساکی‘‘، ’’لنگوٹیا‘‘، ’’ضدی‘‘، ’’دلہن لے کے جائوں گا‘‘ اور ’’برسات کی رات‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی سیکڑوں فلمیں ہیں، جن میں انہوں نے اپنے فن کا عمدہ مظاہرہ کیا۔ اداکارہ نغمہ بیگم آج بھی اپنے وقت کی پابند ہیں اور بڑے چھوٹے سب کی عزت کرتی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں