اسلام آباد: کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ضلعی محکمہ صحت کے ملازمین کورونا الائونس اور رسک الائونس سے محروم، ویکسین سینٹر کے لئے کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو 6 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں۔ ملازمین نے معاون خصوصی فیصل سلطان اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ سمری منظوری وزارت قومی صحت کو بجھوادی ہے۔
ذرائع کے مطابق کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے محکمہ صحت اسلام آباد کے سینکڑوں ملازمین کورونا الائونس اور رسک الائونس سے تاحال محروم ہیں جب کہ ویکسین سینٹر کے لئے عارضی طور پر بھرتی کئے گئے ملازمین کو گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں ہوسکی ہے۔ دوسری جانب پمز اور پولی کلینک سمیت دیگر ہسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کو کرونا الائونس مل چکا ہے۔