کراچی: سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ کے بل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب سمیت دیگر ارکان شریک تھے اور اجلاس میں صحافتی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
حکومتی ارکان اور صحافتی تنظیموں کا بل کی تمام شقوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔ صحافتی تنظیموں نے محکمہ اطلاعات اور قانون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری سے صحافیوں کے تحفظ اور انکے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر بیرسٹر مرتضی وہاب مشیر قانون سندھ نے کہا کہ بل کی منظوری کے بعد قانون و انصاف سمیت صحافیوں کے دیگر مسائل حل ہونگے۔ سندھ حکومت صحافیوں سمیت ہر شہری کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔