کراچی(رپورٹ: ایم جے کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی و سیکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس زوم کے ذریعے منعقد ہوا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار اور دیگر وزرا اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی (سی ٹی) کمیٹی اور ‘ہارڈن دی اسٹیٹ’ کمیٹی کا دوسرا اجلاس زوم کے ذریعے منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چاروں صوبوں کے وزرائے داخلہ، انسپکٹر جنرلز پولیس، وفاقی و صوبائی سیکریٹریز داخلہ اور متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس میں کراچی سے آن لائن شرکت کی، ان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، اسپیشل سیکریٹری داخلہ سعید شیخ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور بلال شیخ بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں مرکزی اپیکس کمیٹی کے تحت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کو سراہا، خاص طور پر انڈس ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کے ساتھ ساتھ کچے کے علاقوں اور ملحقہ اضلاع کشمور، شکارپور، گھوٹکی اور سکھر میں کیے گئے اقدامات کو مؤثر قرار دیا۔
اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور دیگر متعلقہ امور میں باہمی تعاون کو مزید مربوط اور مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا.