حفصہ نثار قومی انڈر-14 ویمنز فٹبال ٹیم میں منتخب

0
7

گوادر: گوادر سے تعلق رکھنے والی حفصہ نثار نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ مکران کی پہلی خاتون فٹبالر بن گئی ہیں جنہیں قومی انڈر-14 ویمنز فٹبال ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے اور وہ آئندہ دنوں ناروے کے غیر ملکی دورے پر روانہ ہوں گی۔ یہ کامیابی نہ صرف حفصہ نثار بلکہ پورے خطے، خاص طور پر گوادر اور بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

حفصہ نثار کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی سطح پر متعارف کرانے میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی کا کلیدی کردار رہا۔

اس موقع پر میر کلمتی نے کراچی میں ٹیم کے برانڈ ایمبیسڈر و پروگرام ڈائریکٹر کیپٹن حنیف بلوچ، ہیڈ کوچ عبدالراشد، کوچ محمد مفید، کشمالہ بتول اور انڈر-14 کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

میر ارشد کلمتی نے کہا یہ مکران اور گوادر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ حفصہ نثار کی سلیکشن اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو مواقع دیئے جائیں تو وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ ڈی ایف اے گوادر آئندہ بھی نوجوانوں کی رہنمائی اور سرپرستی جاری رکھے گا تاکہ مزید ٹیلنٹ سامنے آئے۔

ڈی ایف اے کے صدر نے مزید کہا کہ حفصہ نثار کی یہ کامیابی علاقے کی دیگر لڑکیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ہمیں امید ہے کہ مزید نوجوان لڑکیاں بھی کھیل کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔ یہ پیش رفت بلوچستان میں خواتین کھیلوں کے فروغ کی ایک نمایاں مثال ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم، محنت اور رہنمائی کے ساتھ خوابوں کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں