کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے شہری ایاز سمیت دیگر لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق نئی درخواستوں پر آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کرلیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق سماعت ہوئی جہاں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہری کئی روز سے مختلف علاقوں سے لاپتا ہیں، شہریوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتا کردیا گیا ہے، لاپتا شہریوں کو فوری بازیاب کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر برہمی کا اظہار کیا عدالت کا کہنا تھا کہ سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کہاں ہیں؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جواب جمع کرنے کے لیے مہلت دی جائے، عدالت کا کہنا تھا کہ اِدھر ُادھر کی باتیں مت کرو، پہلے وہ بتائو جو عدالتی حکم نامے میں لکھا ہے، عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو رپورٹس کے ساتھ طلب کیا تھا، عدالتی حکم کے باوجود دونوں پیش کیوں نہیں ہوئے؟ اٹارنی جنرل آفس کا رویہ بھی غیر سنجیدہ ہے، لاپتا افراد کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اگر سنجیدہ نہیں لیا گیا تو اٹارنی جنرل پاکستان کو طلب کریں گے، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور کوئی ادارہ تعاون نہیں کررہا، عدالت نے ملک بھر کے حراستی مراکز میں قید شہریوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو 20 اپریل تک پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے عدم پیشی پر 2 تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیے جبکہ عدالت نے لاپتا شہری امین، الیاس اور دیگر کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔