جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک جاری، کراچی، ملتان، پشاور اور بہاولپور میں مظاہرے

0
128

کراچی: جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی جاری ہے اور بدھ کو بھی کراچی، ملتان، پشاور اور بہاولپور میں احتجاج کیا گیا۔ ملازمین نے اپنے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں حصہ لیا اور اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

کراچی میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی حمایت یافتہ جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے رہنماوں اور کارکنوں کے علاوہ اخباری کارکنوں کی نمائندہ تنظیم ایپنک کے مرکزی سیکریٹری جنرل عرفان علی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی ملازمین کے مطالبات پر مکمل خاموشی پر جنگ انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک وقت کی ضرورت ہے اور ان کے مطالبات جائز ہیں ماضی میں بھی جدوجہد کے نتیجے میں ہی مسائل حل ہوئے صحافی اور اخباری کارکنوں نے ہمیشہ حکومتوں اور میڈیا مالکان کے خلاف اپنے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور ہم ہمیشہ جیتے ہیں اس بار بھی انشااللہ جیت ہمارا مقدر ہوگی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کروڑوں کی آمدنی کے باوجود جنگ گروپ کی انتظامیہ کا ملازمین کو وقت پر تنخواہیں ادا نہ کرنا، بے تحاشا بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود 7 سال سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا، گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کا نہ ہونا اور میڈیکل اور بونس کی سہولتیں ختم کرنا ظلم اور زیادتی ہے افسوس کی بات یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی اس ظلم کا کوئی نوٹس نہیں لے رہیں۔

مقررین نے کہا کہ یہ احتجاجی تحریک صرف جیو کے تمام ملازمین کے لیے نہیں ہے بلکہ جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کے ملازمین کے لیے بھی ہے ہم جنگ گروپ کی انتظامیہ کی مخصوص ملازمین کی حد تک ورکرز کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرنے کے کسی اقدام کو قبول نہیں کریں گے، ہمیں پورے گروپ میں ایک پالیسی چاہیے اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ماہ رمضان میں بھی احتجاج جاری رہے گا اور یہ احتجاج ڈائریکٹرز کے فلور پر کیا جائے گا جبکہ ملازمین سے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر رائے بھی لی گئی۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا ہے کہ جیو نیوز میں گیارہ بجے سے ایک بجے تک قلم چھوڑ احتجاج روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔

کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے چیئرمین ایپنک کے علاوہ جیو ورکرز کمیٹی کے رکن، کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی، اظہر حسین، یعقوب ہارون، جاوید راجکوٹ اور ایپنک کراچی کے رہنما عبیداللہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں