اے این پی کا ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہروں کا اعلان

0
67

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ تمام لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کیلئے اے این پی کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

 باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں زاہد خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضلعوں کی سطح پر عوامی نیشنل پارٹی پریس کلب کے سامنے اپنے احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ احتجاجی مظاہروں میں عوامی نیشنل پارٹی کی تمام ذیلی تنظیمیں اور عام عوام بھرپور شرکت کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے لاپتہ افراد کے لئے آواز اٹھانے کا فیصلہ مرکزی مجلس عاملہ میں کیا تھا۔ جس کی توثیق  پارٹی کی مرکزی کونسل نے کی تھی اور مرکزی کونسل اس بارے قرارداد بھی منظور کر چکی ہے۔  اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں لیکن ریاست ان کی بازیابی میں ناکام رہی ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے درد کا احساس عوامی نیشنل پارٹی سے زیادہ کسی کو نہیں ہوسکتا، عوامی نیشنل پارٹی لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔اے این پی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی مردان اور صوبائی صدر خیبرپختونخوا ایمل ولی خان چارسدہ میں ریلیوں کی قیادت کرینگے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین، مرکزی ترجمان زاہد خان اور  پنجاب کے صدر منظور احمد خان اسلام آباد میں لاپتہ افراد کیلئے احتجاجی ریلی کی قیادت کرینگے۔ صوبائی صدر سندھ شاہی سید کراچی اور صوبائی صدر بلوچستان اصغر اچکزئی کوئٹہ میں ریلیوں کی قیادت کرینگے جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری خیبرپختونخوا سردار بابک بونیر جبکہ صوبائی ترجمان خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نوشہرہ میں ریلیوں کی قیادت کرینگے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں