لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور امن عامہ پر تبادلہ خیال گیا۔
شیخ رشیداحمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ کوئی ڈر نہیں، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہی ہے اور پیشن گوئیاں کرنے والوں کی دال پہلے کی طرح اب بھی نہیں گلے گی۔ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملک میں امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو ایک ٹیم ورک کے طورپر چلارہے ہیں۔ سیاست میں رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے قائل ہیں اور۔نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ تنقید برائے تنقید کرنا،۔الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں اور شرافت، شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں۔ انتقام کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔