لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پولیس کی طرف جو ہاتھ بڑھائے گا توڑ دیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان کو شہریوں کے لیے کھلی دھمکی قرار دیدی۔
فواد چودھری کا کہنا ہے کہ محسن نقوی دو تین ہفتے رک جائیں، جوتے بھی نہر میں چھوڑ کر بھاگنا پڑے گا۔ عمران خان کو پولیس کو دھمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ رٹ آف گورنمنٹ قائم کرنےکے لیے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے، پولیس کی طرف جو ہاتھ بڑھائے گا توڑ دیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سے 7 دنوں میں ہونے والے واقعات پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کسی کو حق نہیں کہ پولیس پر الزامات لگائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو آئی جی اور ڈی پی او پر اعتماد نہیں تو پولیس کی سکیورٹی واپس کر دیں، سیاسی سرگرمی کی اجازت ہے، یہ نہیں ہوگا کہ پولیس والوں کوگالیاں دو اور کہو کہ سکیورٹی بھی دو، دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی کا بیان تمام شہریوں کے لیے کھلی دھمکی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا ہے کہ محسن نقوی جواب دیں پولیس کس قانون کے تحت بغیر وارنٹ گھروں میں داخل اور ہراساں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی رٹ نہیں ہے، یہ جنگل کا قانون ہے جسے یہ شخص اور اس کے حواری پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں فواد چودھری نے محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی دو تین ہفتے رک جائیں، آپ نے جوتے بھی نہر میں چھوڑ کر بھاگنا ہے۔