کراچی: وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ آج ریلیف کا ہر طرف چرچہ ہے۔ انصاف اور ریلیف کے درمیان فرق واضع ہو چکا ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو انصاف نہیں ملا ان کے قاتلوں کو ریلیف دیا گیا اور آج 60 ارب روپے لوٹنے والے شخص کو سپریم کورٹ میں معزز مہمان کی طرح بلایا جاتا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ آج عدالت کہتی ہے کہ ایک انسان کے لیے اتنے مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایک دن کراچی، دوسرے دن اسلام آباد ،تیسرے دن لاہور کی عدالتوں میں پیش ہوا کرتی تھیں۔ کاش اس وقت بھی کہا جاتا کہ ایک خاتون اپنی بیمار والدہ کی تیمارداری کرے یا ہر روز عدالت میں پیش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا جاتا تھا اور آج ایک لاڈلے کو لانے کے لیئے مرسڈیز گاڑی کا حکم دیا جاتا ہے۔ گرفتاری کے نام پر اسی لاڈلے کو گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دیا جاتا ہے، انصاف کا دوہرا معیار قابلِ مزمت ہے۔