کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ محنت کے سیسی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ عبدالرشید سولنگی، وائد کمشنر سیسی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مزدوروں کے بینظیر بھٹو مزدور کارڈز کے اجراء کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیسی کی کلیکشن کے نظام کو شفاف بنانے اور فیکٹری مالکان کو ادائیگی کی سہولیات کے حوالے سے ون لنک نظام کے حوالے سے بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ نادرہ کے ذریعے بننے والے بینظیر مزدور کارڈز سے ان فیکٹری ملازمین کی نشاندہی بھی ممکن ہوسکے گی، جو اب تک رجسٹرڈ نہیں ہیں اور ان کو بھی رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ون لنک کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری محنت اور وائس کمشنر سیسی نے بتایا کہ اس سہولت سے اب فیکٹری مالک خود نہ صرف اپنی ادائیگی کے بل جبریٹ کرسکے گا بلکہ وہ ادائیگی بھی آن لائن ہی سیسی کو کرسکے گا، جس سے شفافیت مزید مستحکم ہوگی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس نظام کے حوالے سے محکمہ قانون سندھ کو لکھا جائے اور انہیں اس حوالے سے قانونی مشاورت لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ون لنک کے اجراء سے فیکٹری مالکان کو اپنی بلز کی ادائیگی میں درپیش مشکلات میں آسانی ہوگی اور انہیں ڈائریکٹرز سے بل کے حصول اور اس کی ادائیگی میں بھی آسانی ہوگی اور اس میں شفافیت ہوگی۔