اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 24 مئی سے تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس اور سیاحت کھولنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جون سے شادی ہالز کو آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت ہو گی جس میں 150 افراد حصہ لے سکیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 جون سے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ 5 فیصد سے کم کورونا کیسز والے اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھولے جائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق یکم جون سے کھولے جانے والے شعبوں کا حتمی جائزہ 27 مئی کو لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مزار، سینما گھر، ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندیاں ہو گی جب کہ اسپورٹس، میلوں اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔
این سی او سی کے مطابق ان ڈور اور آؤٹ ڈور موسیقی، ثقافتی اور مذہبی تقریبات پر مکمل پابندی رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی پابندی بھی جاری رہے گی۔