اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیرمین شہر یار خان آفریدی کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا چیئر مین تعینات ہونے پر شہر یار آفریدی کو مبارکباد دی اور ملاقات میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ 288 روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے شہری بدترین بھارتی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں کو بہیمانہ تشدد اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے اور بھارت ، ڈومیسائل کے قوانین و ضوابط میں تبدیلی کے ذریعے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو بدلنے کے درپے ہے۔
چیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے بہترین خارجہ پالیسی اپناتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے چیرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی کو وزارت خارجہ کی طرف سے مکمل تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا۔