این اے 213 اور پیپلز پارٹی کی مٹھی سے تیزی سے سرکتی ہوئی ریت

0
18

تحریر: زبیر انجم صدیقی

پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت نقصان پہنچا سکتی ہے مگر اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کہیں کا رہنے نہیں دیتی، اس صورتحال کو سمجھنے کا کلاسیکل کیس ایم کیو ایم اور ن لیگ کے بعد پیپلز پارٹی ہے جس کی بند مٹھی سے عوام کی حمایت کی ریت سرکنے کی رفتار اتنی تیز ہوچکی ہے کہ دیہی سندھ میں بھی نواب یوسف ٹالپر جیسے الیکٹیبل کی بیوہ صباء ٹالپر بھی بالکل ویسے ہی جتائی گئی ہیں جیسے لیاری سے نبیل گبول اور ڈیفینس سے مرزا اشتیاق بیگ، عمرکوٹ کے عوام نے نہ صرف یہ پیپلز پارٹی کی امیدوار کو شکست سے دو چار کیا بلکہ ریٹرننگ افسر نے فارم سینتالیس والے رزلٹ کی تیاری شروع کی تو ہزاروں افراد دھاندلی کے خلاف احتجاج کے لیئے موجود تھے اور اگلے ہی روز دھاندلی کے خلاف عمرکوٹ کی تاریخ کی کامیاب ترین ہڑتال بھی کی گئی۔

پیپلز پارٹی کی قیادت میں ذرا سی بھی شرم ہوتی تو کم از صبا ٹالپر کی کامیابی کی مبارکباد دینے سے ہی گریز کرتے، سائیں سرکار کی پوری مشینری اور بھوتاروں کی دھونس دھمکیاں اور پولیس کے استعمال کے باوجود عمرکوٹ جیسے شہر کے عوام کی اکثریت پیپلز پارٹی کے مقابل کھڑی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ کی انگلی تھامنے کے بوجھ سے بے حال پیپلز پارٹی کے اونٹ پر آخری تنکا آصف زرداری کی جانب سے نہروں کی منظوری ثابت ہوئی ہے،
پیپلز پارٹی میں عوامی سیاسی حرکیات کو سمجھنے والے لوگ موجود ہیں مگر یا تو انہیں “جین زی” کی نفسیات اور چیلنج کی سمجھ نہیں ہے یا پھر انہیں سمجھ آگیا ہے کہ ان باقی ماندہ سیاست اسٹیبلشمنٹ کی حمایت سے دھونس دھاندلی اور جیری مینڈرنگ سے ملنے والے اقتدار کی مرہون منت ہے۔ (جین زی: 30 سال سے کم عمر 65 فیصد ایسے ووٹرز جو اسمارٹ فون کی بدولت دنیا بھر کی معلومات، خبروں، تجزیوں اور تحقیق تک رسائی رکھتے ہیں، رائے قائم کرتے ہیں اور سیاسی دعووں کو چیلنج کرتے ہیں)۔

ایم کیو ایم ہو یا ن لیگ اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے الیکشن تو جتوا دیئے گئے مگر ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے اور اب پیپلز پارٹی بھی اسی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

جس جملے سے ان سطور کا آغاز کیا وہ دراصل امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر کا کوٹ ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیئے امریکہ کی دشمنی خطرناک ہو سکتی ہے مگر امریکہ کی دوستی آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑتی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں