کراچی: صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اورنگی نالے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع ویسٹ کے جنرل سیکرٹری علی احمد جان و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر غربی نے صوبائی وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ جس پر صوبائی وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ نالوں کے چوکنگ پوائنٹس پر نظر رکھی جائے اور نالوں سے بارشوں کے پانی کے بہاو کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کا پہلا اسپیل خیریت سے گزر گیا، بارشوں کے آنے والے اسپیل میں بھی عملہ کو الرٹ رکھا جائے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت نے 20 مئی سے نالوں کی صفائی کا آغاز کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کے ایم سی کے 41 اور ڈی ایم سیز کے 500 سے زائد نالوں کی صفائی سندھ حکومت کر رہی ہے۔