کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جن جن شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہوتا ہے وہاں وہاں شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہم نے 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ محنت میں شفافیت اور مزدوروں کو ان کے حقوق دینے کے ساتھ ساتھ آجر اور مزدوروں کے مابین تعلق کو مستحکم کرنے کے لئے جہاں درجنوں نئے قوانین بنائیں ہیں وہاں آج اور ایک سنگ میل عبور کررہے ہیں۔ بینظیر مزدور کارڈ کے اجراء کے بعد اب پہلے مرحلے میں سیسی میں رجسٹرڈ مزدوروں کو ان کارڈز کا اجراء شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی ہم اپنے منشور اور اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے یونیورسلائزین آف سوشل سیکورٹی کو نافذ کردیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ملازمین کی شراکت کی یہ آٹومیشن جس کے تحت سیسی کی شراکت اور فوائد ایک آجر موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعہ یا اے ٹی ایم مشین کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں وہ صوبہ سندھ میں آسانی کے ساتھ کاروبار کرنے کا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اب سے، تاجروں کو سیسی میں ملازمین کے شراکت پیش کرنے کے لئے ایک دفتر یا دوسرے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای شراکتی معاہدے سے صرف ایک کلک کے ساتھ، شراکت کو تمام دستی عمل کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنا حصہ فوری طور پر سیسی اکاؤنٹس میں منتقل کردیا جائے گا جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں مزدوری کی فلاح و بہبود میں مزید شراکت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں آن لائن ملازمین کی شراکت کا آغاز کیا گیا ہے اور اسی طرح کے دیگر اقدامات کی وجہ سے نہ صرف اس صوبے بلکہ پاکستان کی درجہ بندی 147 ویں سے 108 ویں نمبر پر آگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قبل سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن مئینول تھا اور اسے سیسی کے ڈائریکٹرز کے ذریعے وصول کیا جاتا تھا لیکن ای شراکت داری کے بعد اب آجر خود آن لائن نہ صرف اپنا چالان خود بنا سکے گا بلکہ وہ ایک کلک پر موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم کارڈز سے اپنے شراکت کی رقم براہ راست سیسی کے اکاؤنٹ میں منتقل کردے گا، جس سے شفافیت کا عمل مزید شفاف بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ای شراکت داری سے اب آجر اپنا کاروبار ایک روز کے اندر سیسی سے رجسٹرڈ بھی کروا سکے گا اس سے قبل اس پورے عمل میں کئی روز لگ جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعتکاروں اور تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے کا عہد کیا ہے اور اب تاجر اور صنعتکار وں کی مدد سے جدید اور تیز تر شفاف طریقہ کار کو متعارف کروایا جارہا ہے، جس کے لئے میں سیسی کی گورننگ باڈی کا بھی مشکور ہوں، جنہوں نے اس کی اجازت دی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی نے محکمہ میں کی جانے والی اصلاحات اور ای شراکت داری کے حوالے سے ون لنک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی اور اس اقدام کو آجر اور مزدوروں کے مابین ایک بہتر اقدام قرار دیا۔اس موقع پر ون لنک کے سی ای او نجیب آگرہ والا، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ آصف اکرام اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں سی ای او ون لنک نجیب آگرہ والا اور کمشنر سیسی اسحاق مہر نے معاہدے پر دستخط کئے، اس موقع پر وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی، سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی اور دیگر بھی موجود تھے۔