ریاض (شین نون ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔ یہ ملاقات سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس کی صدارت دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر کی۔
العربیہ/الحدث کے نمائندے کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا، شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل دراصل خادم الحرمین الشریفین اور ترک صدر طیب ایردوآن کی خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے، جو دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو ایک نئی بلندی تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کونسل اور اس سے منسلک ذیلی کمیٹیاں دونوں ملکوں کے درمیان عملی تعاون کو ایک مؤثر اور منظم فریم ورک فراہم کرتی ہیں۔سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل درحقیقت ایک تعاون پر مبنی لائحہ عمل ہے جسے 2016ء میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی زیرِ قیادت قائم کیا گیا تھا، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو ایک ادارہ جاتی اور جامع دائرہ کار میں دیکھا جا سکے۔