کراچی: کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں سے مردانہ وار مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں غلام عباس اور سعید کی نماز جنازہ جبکہ امجد مسیح کی آخری رسومات سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ادا کردی گئی۔
نمازجنازہ میں وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سینئر صوبائی وزیر سعید غنی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اختر اوڈھو کے علاوہ، زونل ڈی آئی جیز کراچی، ڈی آئی جیز، سیکیورٹی، آر آر ایف، سی پیک ضلعی ایس ایس پیز کراچی سی پی او میں تعینات سینئر پولیس افسران و ملازمین اور شہداء کے ورثاء نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے شہداء کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو داد شجاعت دی اور ان کی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہوکر ملک اور سماج دشمن عناصر کو دندان شکن جواب دینا اور انھیں جہنم واصل کرنا اب پولیس کی جرأت اور بہادری کا سنہری باب بن چکا ہے۔
انہوں نے شہداء کے ورثاء کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری سندھ پولیس آپ کے ساتھ ہے آپ خود کو ہر گز تنہا نہ سمجھیں آپ کی داد رسی کرنا اور مسائل و مشکلات کو حل کرنا محکمہ پولیس سندھ کی ذمہ داری ہے۔
آئی جی سندھ نے موقع پر موجود سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ شہداء کے قانونی ورثاء کے لیے مروجہ مراعات کی بابت تمام ترقانونی و دستاویزی امور کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔