نیشنل بُک فاؤنڈیشن قومی ادارہ ہے ہمیں ملکر اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی

0
11

کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی ریجنل دفتر کے آڈیٹوریم میں بدھ کو ایک شعری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی اہم ادبی سماجی و سیاسی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر خورشید ہاشمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر حامد علی سید نے انجام دیئے، اس موقع پر کراچی کے ممتاز شعراء آفتاب عالم قریشی، تاج علی رانا، رحمان نشاط، سید سلیم الدین، سعد الدین سعد، فاروق عرشی سمیت دیگر شعراء نے اپنا کلام نذرِ سامعین کیا، تقریب کے مہمان خصوصی معروف شعراء ڈاکٹر سلمان صدیقی اور ڈاکٹر اقبال پیرذادہ تھے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی کا کہنا تھا کہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن قومی ادارہ ہے، ہمیں ملکر اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا گو کہ آج ہر شخص کتاب سے دوری اختیار کرتا جارہا ہے۔ جس کی سب سے بڑی وجہ اب بچوں کو کسی بھی کامیابی پر کتاب کی جگہ موبائل فون تحفے میں دینا ہے میں سمجھتا ہوں۔ اگر ہم اس ہی طرح نیشنل بُک فاؤنڈیشن کراچی میں ادبی نشستیں کرتے رہے تو لوگوں کو دوبارہ کتاب کلچر کی طرف آسانی سے لایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقتوں میں اے آئی دنیا بدل دے گی اور آج جو کچھ ہے وہ سب مستقبل میں ماضی کا حصہ ہوگا، تاہم اگر تب بھی کچھ حقیقی معنوں میں قائم رہے گا تو وہ شاعر، ادیب، دانشور ہیں جنہیں کسی بھی ٹیکنالوجی سے بدلا نہیں جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر کامران جہانگیر کی کاوشوں اور انتہک محنت پر انھیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی کراچی میں موجود ان کی ٹیم محسن ناریجو اور رمشا انجم کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں کہ ان افراد نے ایک بہترین ادبی تقریب کے انعقاد میں ہمارا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی کامیاب تقریب اس بات کی نوید سنا رہی ہے کہ ہم مستقبل میں کراچی کی کھوئی ہوئی ادبی فضا کو بحال کرنے میں جلد کامیاب ہوں گے، تقریب کے اختتام پر نیشنل بُک فاؤنڈیشن کراچی ریجنل آفس کے مینجر محسن ناریجو اور پروگرام کو آرڈینٹر رمشا انجم نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں