مظفرآباد: یونان میں کشتی الٹنے کے افسوس ناک حادثے میں 78 افراد جان سے گئے۔ کوٹلی آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 20 افراد بھی تاحال لاپتہ ہیں۔ اب تک کوٹلی کے دو افراد کو زندہ بچایا جاسکا ہے جن کی شناخت عدنان بشیر اور حسیب الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔جبکہ دفتر خارجہ لاپتہ پاکستانی افراد کے نام ڈی این اے کے بغیر بتانے سے قاصر ہے۔
یونانی حکام نے 78 میتوں کو نکالا ہے جن کی ڈی این اے کے زریعے شناخت ممکن ہوسکے گی۔ ایتھنز میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے حکام کے مطابق لاپتہ افراد کے لئے والدین یا بچوں کے ڈی این اے رپورٹ بزریعہ ای میل وصول کی جانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کسی اور عزیز رشتہ دار کی ڈی این اے رپورٹ پر شناخت کا عمل مکمل نہیں ہوسکے گا۔ یونانی سفارتخانے کے حکام نے زندہ بچ جانے والے 12 پاکستانیوں سے ملاقات کی جبکہ مقامی پولیس اور اداروں سے مزید معلومات لی جارہی ہیں۔