جدہ.(شین نون) اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے رکن انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن ( آئی ٹی ایف سی) نے پاکستان کے ساتھ 513 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا معاہدہ کیا ہے۔
فنانسنگ سہولت سے پاکستان کی توانائی کی اہم ضروریات کو سپورٹ کیا جا سکے گا۔ آئی ڈی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ مالی معاونت خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب آئی ڈی بی کے صدر دفتر میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نے نمائندگی کی۔
تقریب میں آئی ڈی بی کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر بھی موجود تھے۔ آئی ٹی ایف سی کے سی ای او انجینیئرادیب الاعمی جبکہ وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کیے۔