پی ایف یو جے کی ایف آئی اے کے ہاتھوں ایڈیٹر محسن بیگ کی گرفتاری اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

0
78

اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ایڈیٹر محسن بیگ کی گرفتاری اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکاروں کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی ہے۔ عدالتی تحقیقات اور انکوائری مکمل ہونے تک گرفتار صحافی کو رہا کرنے کا بھی مطالبہ، دوسری صورت میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔

بدھ کو جاری مشترکہ بیان میں پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا ہے کہ ایک ایڈیٹر کی اس طرح گرفتاری شرمناک اور حکمران طبقے کی فاشسٹ ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وارنٹ کے بغیر اس طرح کی گرفتاری سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاملے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں اور جب تک انکوائری رپورٹ نہیں آ جاتی، صحافی کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے حربے میڈیا کو روکنے اور صحافیوں کو ڈرانے کے مترادف ہیں۔

شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ ملک میں اس سے زیادہ سنگین نوعیت اور فوری توجہ کے متقاضی معاملات وزیر اعظم اور حکومتی مشینری کا انتظار کر رہے ہیں، تاہم حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست سچائی کی ہر آواز کو دبانا اور خاص طور پر صحافیوں کو نشانہ بنانا ہے۔

ناصر زیدی نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو سچ بولنے کی سزا دینے کی روایت ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ شدت سے نبھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ موجودہ حکومت کا دور صحافیوں کے لیے کسی مارشل لاء سے کم نہیں، جہاں یہ بھی تمیز نہیں کی جاتی کہ جس بات پر سزا دی جا رہی ہے وہ قابل گرفت ہے بھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہو کر رستہ بدلنے کی بجائے اپنی نظریاتی اساس کو ہر صورت زندہ رکھے گی۔ اگر محسن بیگ کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو پی ایف یو جے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں